Mar ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری

پاکستان میں معاشی اصلاحات کے لئے خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری کی جائے گی ۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس ميں کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال فوری اقدامات کا متقاضی ہے اور ان اداروں کی نجکاری ضروری ہوگئی ہے جو خسارے میں جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات اور ایف بی آر کی تنظیم نو پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو نجکاری کے پروگرام پر تیزی سے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع نے وفاقی وزارت خزانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت بجلی کی تقسیم کے امور بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے جا رہی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے پروگرام پر عمل کرتے ہوئے، قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا کام بھی تیز رفتاری کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ صنعتی شعبے کے دو، بجلی کی تقسیم کی سبھی دس کمپنیوں سمیت توانائی کے چودہ اداروں کے علاوہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور تین پاور پلانٹ بھی نجی شعبے کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، فرسٹ ویمن بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینیئرنگ لمیٹڈ کے نام بھی ان اداروں میں شامل ہیں جو نجی شعبے کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ اداروں کی نجکاری ضرور ہوگی اور اس میں سرفہرست پی آئی اے ہے۔

ٹیگس