May ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  •  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا حکومت پاکستان کا اعلان

حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وزارت خزانہ نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 273 روپے 10 پیسے ہوگئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، یوں نئی قیمت 274 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 161 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت 9 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی سے 173 روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کئے جانے کے بعد اسلام آباد کی انتظامیہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ فیلڈ میں نکلیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں کی شکایات کو ذاتی طور پر مانیٹر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو شکایات کے اندراج کے لیے واٹس اپ نمبر جاری کر دیا ہے۔

 

ٹیگس