پاکستان میں پانچ دہشت گرد ہلاک
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ سولہ جون دوہزار چوبیس کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کی کارروائیوں کی لپیٹ میں ہیں اور اسی لیے سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے دونوں صوبوں کے مختلف اضلاع میں آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔
گزشتہ ہفتے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران گیارہ دہشتگردوں کی ہلاکت کی خبر دی گئی تھی۔ یہ آپریشن ایک روز قبل اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ بچھا کر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت سات سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔