ایران کے ساتھ تعاون مزید بڑھائيں گے: پاکستانی وزیر خارجہ
پاکستان کے وزیر خارجہ نے خطے میں "پرامن ہمسائیگی" کے اپنے ملک کے نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے ایران سمیت دوست ممالک کے ساتھ تعاون میں توسیع کے تیز رفتاری سے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: منگل کے روز پاکستانی ذرائع کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (ISSI) میں ایک تقریر کے دوران کہا کہ پاکستان کا نقطہ نظر "پرامن ہمسائیگی" کی پالیسی میں مضمر ہے اور وہ اطراف میں ایک پرامن ماحول بنانا چاہتا ہے تاکہ ہم پائیدار معاشی ترقی کے اپنے اصل مقصد کی سمت پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات، تعاون اور اچھی ہمسائیگی کی مسلسل کوشش کی ہے اور چیلنجز اور حتیٰ کہ بعض معاملات میں ناکامیوں کے باوجود پاکستان کا یہ نظریہ مستحکم رہا ہے۔
سینیٹر اسحاق نے افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم، متحد اور خوشحال افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ افغانستان کی سرزمین دوسرے ممالک میں دہشت گردی کے لئے استعمال نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت کے حکام کھلے ذہن سے اس مطالبہ پر توجہ دیں گے اور ہمارے سنگین خدشات کو دور کرنے کے لیے ضروری عملی اقدامات کریں گے۔