Jul ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • کینیا کی ہائیکورٹ کا فیصلہ، پاکستانی صحافی ارشد شریف کا قتل غیر آئینی اور غیر قانونی تھا

کینیا کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کا قتل غلط شناخت کا نتیجہ قرار دینے کا پولیس کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

سحرنیوز/ پاکستان: کینیا کی ہائی کورٹ نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی فیملی کو 2 کروڑ 17 لاکھ روپے ہرجانہ دینے کا حکم دے دیا۔

کینین ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی صحافی ارشد شریف کا قتل غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست میں جن حکومتی اداروں کا نام لیا گیا وہ اپنی ذمے داری سے فرار اختیار نہیں کر سکتے۔ کینین ہائی کورٹ نے گولی چلانے والے پولیس افسر کے خلاف فوجداری کارروائی کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل شناخت میں غلطی کا نتیجہ نہیں تھا۔

ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے سوشل میڈیا پرجاری اپنے ایک بیان میں کہا  ہے کہ انہوں نے تنہا یہ مقدمہ لڑا، اور وہ اور عوام یہ مقدمہ جیت گئے۔

واضح رہے کہ 22 اور 23 اکتوبر 2022ء کی درمیانی شب کینیا میں موجود صحافی ارشد شریف کو گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔

 

 

ٹیگس