Jul ۱۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • پاک آذربائیجان تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں پندرہ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق آذربائیجان کے صدر کا کہنا تھا کہ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہونا افسوس ناک ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی تعلقات کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کریں گے۔دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارتی حجم ہماری قریبی دوستی کا عکاس نہیں ہے اور ہمیں آذربائیجان کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کا منصوبہ آذربائیجان کے ایک ماہر نے تیار کیا ہے جس پر ہم ان کو سراہتے ہیں۔

ٹیگس