Jul ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • حکومت پاکستان کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا، اب واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ اس ملک کو ترقی کرنا ہے تو تحریک انصاف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کریں گے ان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں قانونی سقم کو دیکھتے ہوئے حکومت اور اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ایک پارٹی کو وہ دیا جائے گا جس کا اسے حق نہیں۔انہوں نے مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بارے میں کہا یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا جارہا ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر کا کہنا کہ پی ٹی آئی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ طالبان کو واپس لا کر بسایا جائے انہوں نے کہا کہ ایک طرف دہشت گردوں کو یہاں لائے، دوسری طرف جی ایچ کیو پر حملہ کیا۔ انہوں نے سائفر معاملے پر پی ٹی آئی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا کیس ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ سائفر میں کوئی دھمکی نہیں تھی۔

ٹیگس