جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصل خانے پر حملہ، پاکستان کا جرمنی سے احتجاج
پاکستان کی وزارت خارجہ نے جرمن سفیر کو طلب کر کے فرینکفرٹ میں قونصل خانے پر افغان شہریوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر شدید احتجاج کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا واقعے میں قونصل خانے اور سفارتی عملے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔ جرمن حکام پاکستانی عملے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں اور انہیں ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
جرمن حکام واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں اورسیکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔
ادھر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے افغانستان کی جنگ لڑی، یہ کتنے احسان فراموش لوگ ہیں، اس واقعہ کے بعد ہمیں چالیس لاکھ افغانیوں کی میزبانی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔