Aug ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکالنے کی متضاد خبریں

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری ہوا تھا اور کہا گیا تھا کہ وہ پارٹی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق بیانات دیں۔
پی ٹی آئی نے شیر افضل مروٹ کی ٹوٹس اور میڈیا کے بیانات کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ پی ٹی آئی کے نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی نے نتیجہ اخذ کیا کہ شیر افضل مروت پارٹی کے قواعد و ضوابط کا بالکل لحاظ نہیں کرتے اور خود کو پارٹی سے بالاتر سمجھتے ہیں، جس سے پارٹی کی تصویر اور پارٹی کا بیانیہ بری طرح مسخ ہوا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی تجویز کی منظوری بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دے دی ہے۔
دوسری جانب اس پر شیرافضل مروت کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مؤقف میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا۔
ادھر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے شیرافضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کے نوٹیفیکیشن کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ نوٹفکیشن جعلی ہے، ایسی کوئی بات نہیں۔ اگر ایسا کچھ ہوتا تو مجھے ضرور پتا ہوتا، میں پارٹی کا چیئرمین ہوں۔

ٹیگس