ارشد ندیم کا اولمپکس میں ریکارڈ، پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری پاکستانی قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔
ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں بھارت نے چاندی اور گریناڈا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ہونے والے فائنل مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا۔
ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔ اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔