Aug ۲۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: ڈاکوؤں کا پولیس کی گاڑیوں پر بڑا حملہ، 12 پولیس اہلکار جاں بحق

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ دو پر ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑیوں پر حملہ کر دیا جس میں بارہ اہلکار جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ڈاکوؤں نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ دو میں نفری تبدیل کرنے والی پولیس موبائلوں کو راکٹ لانچروں سے نشانہ بنایا۔ پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت روکنے کیلیے ماچھکہ میں کیمپ قائم کیا ہوا تھا، جہاں پر 25 کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے شدید حملہ کیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں اس دوران ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا۔ حملے کے بعد کئی اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی بھی خبر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکریٹری داخلہ پنجاب کو کچے کے علاقے میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے جبکہ صدر اور وزیر اعظم نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ آئی جی پنجاب سینیئر افسران کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں جبکہ وزیر داخلہ سندھ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو اگلے احکامات تک سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔

ٹیگس