پاکستان میں آج ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال
پاکستان میں تاجروں نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے جس کی مختلف تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ کراچی میں آج مکمل ہڑتال ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت ناکام ہو چکی ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی کاروبار مکمل بند رہے گا، ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں پشاور کی تاجر تنظیمیں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال پر ہیں، تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھے گئے ہیں۔ دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے بھی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ملک گیر احتجاج میں تاجر برادری کے ساتھ ہیں، تمام صوبائی یونٹس ہڑتال کو کامیاب بنانے کےلیے ہدایات جاری کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے قرضے لیے جا رہے ہیں لیکن عوام کو فائدہ نہیں ملتا۔ ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ اشرافیہ کی مراعات کےلیے ٹیکسز کی شکل میں سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔