Aug ۳۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ مٹی کا تودہ گرنے سے بارہ افراد ہلاک

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں ایک مٹی کا تودہ آبادی پر گرنے سے بارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ دیربالا میں پاتراک کے علاقے میدان میں پیش آیا جہاں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے بارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد گھر پر مٹی کا تودہ آ گرا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دب کر خواتین اور بچوں سمیت بارہ افراد کی موت ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین، ایک مرد اور نو بچے شامل ہیں۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے اور بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو اب تک بہت سی مشکلات کا باعث بن چکی ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے سندھ کی ساحلی پٹی پر ٹروپیکل طوفان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ کراچی میں سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس علاقے میں کل ہفتے کے روز تک موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ٹیگس