Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں یوم دفاع کی تقریبات

پاکستان بھر میں آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق یوم دفاع کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس حوالے سے کراچی میں واقع مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب آج رات آٹھ بجے جی ایچ کیو میں ہوگی جہاں وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
مرکزی تقریب کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف یادگار شہدا پر پھول رکھیں گے جبکہ تقریب سے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب بھی کریں گے۔ چھے ستمبر یوم دفاع و شہدا کےحوالے سے صدر پاکستان نے بھی ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ یہ دن ملکی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج قومی خودمختاری، ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
صدر پاکستان نے کشمیری عوام کے مسائل کے حل کو ہی خطے میں دیرپا امن کی ممکن راہ قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ افواج کے عظیم سپوتوں نے چھے ستمبر انیس و پینسٹھ کو حملہ آور دشمن کو شکست فاش دی۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کو خطے میں قیام امن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بتایا اور انہوں نے اس مسئلے کو خود کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل ہونے پر زور دیا۔

ٹیگس