Sep ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  •  پیرس پیرالمپکس: پاکستان کے حیدرعلی نے ڈسکس تھرو میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

پاکستان کے حیدر علی نے پیرس پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو میں کانسی تمغہ جیت لیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق حیدرعلی نے باون اعشاریہ پانچ چار میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ایف سینتیس کیٹگری کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں یہ میڈل اپنےنام کیا ہے۔ انہوں نے ٹوکیو گیمز میں ڈسکس تھرو ایونٹ میں باون اعشاریہ دو چھے میٹر کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ یہ ایونٹ اُزبکستان کے ٹولیبائے نے ستاون اعشاریہ دو آٹھ میٹر کی تھرو کے ساتھ جیتا، کینیڈا کے جیسی زیسیو نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
حیدر علی نے دوہزار آٹھ بیجنگ گیمز کے لانگ جمپ ایونٹ میں سلور میڈل لیا، دوہزار سولہ ریو پیرالمپکس گیمز میں برانز میڈل پایا تھا۔ یہ ان کا پیرالمپکس گیمز میں مجموعی طورپر چوتھا میڈل ہے۔
حیدر علی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں سلور میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں، ایشین پیراگیمز میں چار گولڈ میڈل کےساتھ دو برانز میڈلز بھی ان کے نام کے آگے درج ہیں۔ وہ اس سے پہلے پاکستان کے لیے مجموعی طورپر پانچ گولڈ، دوسلور اور تین برانز میڈل لے چکے ہیں۔

ٹیگس