پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان منصوبوں پر دستخط + ویڈیو
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق بہتر کروڑ ڈالرز کے دو منصوبوں پر دستخط کئے گئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے چار سو ملین ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور تین سو بیس ملین ڈالرز مالیت کے خیبرپختونخوا دیہی روڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو آساکاوا نے ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جہاں وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے بینک کے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے دوہزار بائیس کے تباہ کن سیلاب کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالرز سے زیادہ کی فراخدلانہ مدد کو سراہا اور زراعت سمیت ماحولیاتی لچک کے منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔