پاکستان: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سات مزدور قتل
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے پنجگور ضلع میں دہشتگردوں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے 7 مزدوروں کو قتل کر دیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے مقامی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 7 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ پنجگور کے علاقے خدابادان میں پیش آیا جس سے 7 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ مزدوروں کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آباد سے تھا۔ واقعے کے بعد زخمی شخص اور لاشیں ضلعی ہسپتال پنجگور منتقل کردی گئیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر دھرتی پر بےگناہوں کا لہو گرا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں، وہ کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں عسکریت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ایک ہی دن میں موسیٰ خیل، مستونگ، بولان اور قلات میں مختلف واقعات میں 40 افراد کو قتل کردیا تھا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔