پاکستان میں چھبیسویں آئینی ترمیم
پاکستان میں صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد چھبیسویں آئینی ترمیم نافذ ہوگئی ہے
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چھبیسویں آئینی ترمیم پر صدر آصف علی زرداری کے دستخط کی تقریب ميں اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق چھبیسویں آئینی ترمیم پر صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد اس کے نفاذ کا گزٹ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد یہ آئینی ترمیم نافذ العمل ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات پاکستانی سینیٹ سے آئین میں چھبیسویں ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی نے اس کو پاس کردیا تھا۔ پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر نے ووٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ ترمیم کی مخالفت میں کل بارہ ووٹ پڑے جبکہ دو سو پچیس اراکین نے اس کے حق میں ووٹ دیئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے چھے آزاد اراکین نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں آئین میں چھبیسویں ترمیم پر ووٹنگ کے وقت پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا تھا۔