اسرائیل دہشت گردی، ناجائز قبضے اور نسل کشی کی حمایت کرنے والے ممالک کا مرکز
شہدائے قدس کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری، رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا، جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، جمیعت علمائے اہلبیت کے چیئرمین علامہ سید حسنین عباس گردیزی اور امت واحدہ تنیظم کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شہدائے قدس کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں پاکستان کی سرکردہ سیاسی اور مذہبی شخصیات اور اراکین پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطین اور لبنان کی تحریک مزاحمت کی بھرپور حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری نے فلسطینی قوم کی امنگوں کے دفاع کے لیے اسلامی دنیا کے بااثر ممالک بشمول پاکستان اور ایران کے مشترکہ اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور لبنان کے مظلوم عوام کے خلاف جارحیت پر انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والی تنظیموں کی خاموشی شرمناک ہے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے اس موقع پر کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے اور اس قاتل حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی سازش کو ناکام بنا دیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے مجاہد رہنماؤں کے قتل سے مزاحمتی محور کے پیروکاروں کے عزم و ارادے میں کوئی کمی واقع نہیں ہو گی بلکہ اس راہ میں ان کی سوچ مزید پختہ ہوئی ہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے پاس اپنے دفاع کا جائز حق پوری طرح محفوظ ہے اور ہم اسرائیلی دہشت گردی کے مقابلے میں تہران کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تل ابیب کو نہ فقط اسرائیل بلکہ دہشت گردی، ناجائز قبضے اور نسل کشی کی حمایت کرنے والے ممالک کا مرکز قرار دیا۔
اس ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت اور قبضے کے خلاف مزاحمتی محاذ کے جوانوں کی جدوجہد کو عالم اسلام کے لیے قابل فخر قرار دیتے ہوئے مزاحمتی محاذ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
مقررین نے اسرائیلی حکومت اور اس کے حامیوں کے جرائم کے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی بالخصوص خطے کے بعض ممالک کی بے حسی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی صرف طاقت کی زبان سجھتے ہیں۔
مقررین نے مزاحمتی محاذ کے شہداء بالخصوص جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس، اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصر اللہ، جنرل نیلفروشان، یحییٰ سنوار اور سید ہاشم صفی الدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔