یونان، کشتی حادثے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد بڑھی، چار کی ہوئی پہچان
یونان میں کشتی کے حادثے میں مرنے والے چار پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں جن کے بچنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق یونان میں پاکستان کے سفیر عامر آفتاب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ درجنوں پاکستانی حادثے میں ابھی تک لاپتہ ہیں۔ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے تاہم لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ پاکستانی سفیر کے مطابق لیبیا سے غیرقانونی طریقے سے پانچ کشتیوں پر پاکستانی سوار تھے۔ کشتیوں کو حادثہ ضرورت سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے کا شکار کشتی پر اسی سے زائد پاکستانی سوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارت خانہ اپنے اخراجات پر پاکستان روانہ کرے گا۔
بعض اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کا انجن ٹھیک نہیں تھا اور اس کی حالت بھی اچھی نہیں تھی۔ یونان کے قریب اس کشتی کی ٹکر کارگو بحری جہاز سے ہوئی جس کے باعث کشتی الٹ گئی۔ ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے نے تحقیقاتی رپورٹ حکومتِ پاکستان کو بھجوا دی ہے۔