کرم ایجنسی میں بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مشترکہ صدارت میں خیبرپختونخوا کی ایپکس کمٹی کا اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی اور متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گيا جبکہ شرکا کو کرم کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ضلع کرم میں تمام بنکرز ختم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پائیدار امن کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی۔ اس کے علاوہ علاقے میں اسلحے کے خاتمے کے حوالے سے بھی پیش رفت ہوئی ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ واضح رہے کہ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ پاکستانی علاقے کرم میں تکفیری دہشت گرد ایک عرصے سے سرگرم عمل ہیں اور اس علاقے میں حالیہ جھڑپوں اور کشیدگی کے بعد ٹل پاراچنار روڈ بند ہونے کی وجہ سے پاراچنار کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور خوراک اور ادویات کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔ بعض خبروں کے مطابق پاراچنار کے راستے بند ہونے اور خوراک اور ادویات نہ ہونے کی وجہ سے کم از کم انتیس بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔