حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا آغاز
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق مذاکرات قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہو رہے ہیں۔
حکومتی کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فاروق ستار موجود ہیں۔
مذاکرات میں اپوزیشن کے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس موجود ہیں۔
اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے مذاکرات میں حکومت کی غیر سنجیدگی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کمیٹی میں سینیئر سیاستدانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرا کام صرف سہولت کاری ہے۔ دونوں فریق اپنا فیصلہ خود کریں گے۔ اسٹیبلشمنٹ کی مذاکرات میں رضا مندی کے سوال پرانہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا صرف حکومت اور اپوزیشن سے رابطہ ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے کمیٹی کی ملاقات کرانے کا معاملہ مذاکرات میں اٹھانے کا مشورہ دیا۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن علامہ راجہ ناصر عباس نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کی میز پر ہی مسائل کو حل کیا جاتا ہے، ملک اس وقت مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے حکومت کو پہلا قدم اٹھانا چاہیے تھا لیکن بانی پی ٹی آئی کا یہ پہلا قدم اٹھانا ان کے محب وطن ہونے کی دلیل ہے۔
سنی اتحاد کونسل کےسربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کی رہائی ہمارے مطالبات میں شامل ہے۔ اسٹیبلشمنٹ آن بورڈ ہے یا نہیں اس کا جواب حکومت دے گی۔