جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: پاکستانی وزیر اعظم
Dec ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی پابندیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کے دوران بلیسٹک میزائل پروگرام سے متعلق امریکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ ہم پر جو پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام ملک کے دفاع کے لیے ہے اور یہ 24کروڑ عوام کا پروگرام ہے، پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل امریکہ کی جانب سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں تعاون کے الزام میں نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس سمیت چار اداروں پر اضافی پابندیاں عائد کی گئیں۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ نے اپنے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے تحت پاکستان کے کچھ نجی اداوں پر اضافی پابندیاں عائد کی ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس نے ، جو پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کا ذمہ دار ہے، پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے کچھ مواد کے حصول کے لئے کام کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے ایسا ہی الزام ایفیلی ایٹس انٹرنیشنل، اختر اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ اور اورک سائیڈ انٹرپرائزز پر بھی عائد کیا گیا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق متذکرہ چاروں پاکستانی اداروں کے خلاف ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے سے ایک ماہ قبل پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے کے اقدامات کے الزام میں کارروائی کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی جانب سے اس امریکی اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اس حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکہ کی مزید پابندیوں کو متعصبانہ اور دہرے معیار کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ اس سے خطے میں فوجی عدم توازن بڑھے گا۔