امریکی پابندیوں پر پاکستانی وزارت خارجہ کا ردعمل
Dec ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے پاکستان کے دفاع اور دفاعی فیصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک مقامی نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کا فیصلہ پاکستانی قوم کرے گی۔ پاکستان پر ماضی میں بھی بہت سی پابندیاں لگیں، مگر ہم نے اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کی پاکستانی میزائل پروگرام پرلگائی گئی پابندیاں غیر ضروری اور ناانصافی پرمبنی ہیں ۔ پاکستان نے کبھی نہیں کہا کہ امریکا سے ایسے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال پیدا ہو اور میزائل کی ضرورت پیش آئے۔
واضح رہے کہ امریکی پابندیوں کا شکار ہونے والے پاکستانی اداروں میں اسلام آباد کا نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس اور کراچی میں قائم 3 ادارے اختر اینڈ سنز، ایفیلی ایٹس انٹرنیشنل اور روک سائیڈ انٹرپرائیزز شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر کے مطابق ان چار پاکستانی اداروں پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔
امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا تھا کہ پاکستان ایسے میزائل بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف بشمول امریکا کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔