Dec ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۰ Asia/Tehran
  • مذاکرات کی کامیابی کا حکومتی دعویٰ؟ حالات بدستور کشیدہ، دھرنے جاری

مجلس وحدت المسلمین نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے کرم میں امن قائم کرنے میں کردار ادا نہیں کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت المسلمین خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی سے متعلق صوبائی حکومت کے دعوے جھوٹے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں شبیر ساجدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے مذاکرات کی کامیابی سے جڑے بیانات جھوٹے اور قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات اگر کامیاب ہوئے تو اپرکرم میں حالات نارمل کیوں نہیں ہوئے؟ صوبائی حکومت استعفیٰ دے کر گھر جائے۔ آپ امن کی بحالی میں ناکام ہیں۔

مجلس وحدت المسلمین نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے بھی کرم میں امن قائم کرنے میں کردار ادا نہیں کیا۔ فریقین جرگے میں بیٹھے نہیں اور بات چیت نہیں ہوئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کے پی حکومت کے نکات پر دستخط کیے جبکہ دوسرا فریق پیچھے ہٹ گیا، دہشت گرد اپرکرم میں امن نہیں چاہتے۔

دوسری جانب حکام کی جانب سے ایک مرتبہ پھر دعوی کیا گیا ہے کہ ضلع کرم میں امن وامان اور ٹل پارا چنار مرکزی شاہراہ کی بندش سے متعلق گرینڈ امن جرگہ منگل کو دوبارہ ہوگا ۔ ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے ۔ فریقین 15 دن میں اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار طے کریں گے۔

ٹل پارا چنار روڈ 2 اکتوبر کو قبائل کے درمیان تصادم کے بعد سے بند ہے، جس کی وجہ سے پارا چنار میں کھانے پینے کی اشیاء اور دواؤں کی قلت ہوگئی ہے۔

سڑک کی بندش کے خلاف کُرم پریس کلب پر دھرنا کئی روز سے جاری ہے۔

جبکہ کرم کے ساتھ ساتھ  لاہور، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی دھرنے جاری ہیں جبکہ کراچی میں پارا چنار کے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں اور مرکزی شاہراؤں پر 13 مقامات پر دھرنے پانچویں روز بھی جاری ہیں۔

 دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں جاری دھرنوں کے باعث گزشتہ کئی دن سے پروازیں 30 منٹ تا ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی ہیں۔

ٹیگس