کراچی: دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج کئی مظاہرین گرفتار، صورتحال کشیدہ
کراچی میں دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے کئی مظاہرین زخمی اور گرفتار ہو گئے جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی کے مختلف مقامات پر 6 روز سے دیئے جانے والے پر امن دھرنے پر آج پولیس نے حملہ کیا۔
کراچی کے علاقے نمائش چورنگی اور رضویہ پر پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دیئے جانے والے دھرنے کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، شیلنگ کی، مظاہرین کے کیمپ اکھاڑ دیئے اور کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
اس موقع پر ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا اورمظاہرین آنسو گیس اور لاٹھی چارج سے بچنے کیلئے اپنا دفاع کرنے پر مجبور ہوئے اور پولیس پر پتھراو کیا ۔
اس سے قبل آج صبح کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے 6 روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے پولیس کی کارروائی کے باوجود ختم نہ ہوسکے، عباس ٹاؤن سمیت 6 مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی کارروائی کے بعد کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی کال پر پاراچنار کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنوں کا دوبارہ آغازہوا۔
آج صبح ایم ڈبلیو ایم کراچی کی قیادت نے پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں دیے گئے دھرنوں پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہر میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کے ساتھ اس کا دائرہ سندھ بھر میں پھیلانے کا اعلان کیا تھا۔
نمائش چورنگی پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی میں دھرنوں کو مزید منظم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری قوم سے دھرنے پھر سے منظم کرنے کی اپیل کی ہے، اب پورے سندھ میں دھرنوں کی کال دے رہا ہوں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے اعلان کیا تھا کہ جب تک پاراچنار کا دھرنا جاری رہے گا، ہم بھی بیٹھے رہیں گے اور ہماری نرم آواز کو ہماری کمزروی نہ سمجھا جائے۔
دریں اثنا، ترجمان ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اپنے آپ کو جمہوریت کی علمبردار کہنے والی پیپلزپارٹی کی حقیقت قوم کے سامنے ہے، کراچی میں پرامن احتجاجی دھرنوں کے شرکا پر شیلنگ اور لاٹھی چارج شرمناک اقدام ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام پر تشدد کرنے سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد ہوگی، پیپلزپارٹی کو اس فسطائیت اور غیر قانونی فیصلوں کی سیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت 85 دن سے مشکلات میں گھری پارا چنار کی عوام پر تو چپ سادھے ہوئے ہے، لگتا ہے جمہوری اقدار کی نام نہاد دعویدار پیپلز پارٹی کرم کی سیٹ چھن جانے کا غصہ کراچی کی پرامن عوام پر نکال رہی ہے۔
واضح رہے کہ پارا چنار میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی اپیل پر پاکستان کے مختلف شہروں لاہور، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور کراچی کے 12 مقامات پر 6 روز سے دھرنے دیے جارہے ہیں۔