پاکستان: سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گردہلاک
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف آپریشنز کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
اسی دوران شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں، دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں 4 مختلف جھڑپیں ہوئیں، سیکیورٹی فورسز نے 6 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاکستانی فوج کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔
پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 10 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے اقدامات لائق تحسین ہیں، دہشت گرد دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے ان کا مکمل خاتمہ کریں گے۔