پاکستان میں دو مطلوبہ دہشتگرد گرفتار
پاکستان میں اسسٹنٹ کمشنر کرم پر فائرنگ میں ملوث دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بوشہرہ میں فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزموں کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے گئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق جمعے کو اسسٹنٹ کمشنر سعید منان پر فائرنگ کرنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا،واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، مزید افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ دریں اثنا گزشتہ روز بوشہرہ میں فائرنگ کے واقعات کے ملزمان کے خلاف تین مختلف ایف آئی آر درج کر لی گئیں۔
یاد رہے کہ نومبر دو ہزار چوبیس میں لوئر کرم کے علاقے باغان میں ایک قافلے پر حملے میں چالیس سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد کئی عشروں پرانے زمینی تنازعات کے باعث ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم ایک سو تیس مزید جانیں چلی گئی تھیں۔ اگرچہ یکم جنوری کو متحارب قبائل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم اس ماہ ایک سرکاری قافلے اور امدادی قافلے پر حملوں نے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔