پاکستانی علاقے پارا چنار کا محاصرہ جاری
پاکستان کے علاقے پارا چنار کا محاصرہ چار مہینے سے زائد عرصے سے جاری ہے اور حالات روز بروز بدتر ہوتے جا رہے ہيں۔
سحرنیوز/پاکستان: پارا چنار سے مقامی ذرائع نے خبردی ہے کہ حکومت نے اگرچہ پاراچنار کے عمائدین کو اسلام آباد بلایا اور وہ ان سے مذاکرات کر رہی ہے لیکن ابھی تک حکومت اور انتظامیہ کسی حل پر نہيں پہنچ سکی ہے جس کی وجہ سے پارا چنار میں ہر طرح کی مشکلات جنم لے رہی ہيں ۔ غذائي اشیا اور ادویات کی قلت کی وجہ سے جہاں عام شہریوں اور بیماروں کو اپنی زندگياں بچانے میں دشواری پیش آرہی ہے وہيں اسکول اور کالج بھی چار مہینے سے بند پڑے ہيں۔ پارا چنار کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے محاصرے اور سڑکوں کی بندشوں کی وجہ سے جو طلبا دیگر شہروں میں تعلیم حاصل کررہے تھے وہ بھی پارا چنار میں پھنسے ہوئے ہيں - اس درمیان انتظامیہ نے کہا ہے کہ مرکزی شاہراہ کھولنے کے لئے چار ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پر غور کیا جارہا ہے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار یا پیر تک سبھی فریقوں کی جانب سے تجاویز مرتب کر کے دوبارہ جرگہ طلب کیا جائے گا۔