Feb ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • ارنا معتبر خبررسانی کے لئے چراغ راہ ہے: اے پی پی چیف

پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے سربراہ نے آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کی حمایت میں ارنا کی اصولی پالیسی کی قدردانی کرتے ہوئے، کہا ہے کہ ارنا معتبرخبررسانی کے چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہے

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے سربراہ محمد عاصم نے ارنا کے ایم ڈی حسین جابری انصاری کے نام پیغام میں ارنا کے نوے سال مکمل ہونے کی مبارکباد پیش کی ہے۔  انھوں نے اپنے پیغام ميں لکھا ہے کہ سب سے پہلے تو میں آپ کو اور آپ کی ٹیم کو  صحافت کی خدمت کے نوے سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حقیقت بیانی، اطلاع رسانی اور پیشرفت کے حوالے سے آپ کا استحکام کے ساتھ اپنے عہد پر باقی رہنا ملت  ایران کے ستونوں کے استحکام میں اہم کردار کا حامل ہے۔ پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ اس تاریخی موقع پر جشن منا رہے ہیں اور ہم یہاں پاکستان میں آئندہ برسوں میں آپ کی کامیابیوں اور پیشرفت کے لئے دعا گو ہیں۔  انھوں نے کہا کہ ارنا 9 عشرے تک چراغ راہ صحافت رہی ہے جس نے عوام کو اپنی اطلاع رسانی سے توانا بنایا اور آزاد صحافت کے اصولوں کی  حمایت کرتی ہے۔ آپ کی یہ نمایاں کامیابی آپ کی سخت کوشی، صداقت اور فداکاری کی گواہ ہے۔ اے پی پی کے چیف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اے پی پی اور ارنا کے درمیان چار عشرے سے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی خبروں کے تعلق سے تعاون کے معاہدے پرعمل ہورہا ہے ۔

 پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے سربراہ نے لکھا ہے کہ آج دنیا ایک گلوبل ویلیج میں تبدیل ہوچکی ہے جس میں ابلاغیاتی اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔ محمد عاصم نے ارنا کے ایم ڈی کے نام اپنے پیغام تبریک میں کہا ہے کہ   عوام تک صحیح اور قابل اعتماد خبریں پہنچانے کے لئے  علاقے کی خبررساں ایجنسیوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ایران اور پاکستان کی خبررساں ایجنسیاں، صحیح اور دقیق خبریں بروقت عوام تک پہنچانے اور رودادوں کی اصلی تصویر دکھانے میں مصروف ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اے پی پی اور ارنا کے درمیان تعاون کا سمجھوتہ، دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے میں ہے اور اس کی تقویت ہوگی۔   قابل ذکر ہے کہ ارنا  ریڈیو اور ٹی وی کی تاسیس سے بھی  قبل 1934 میں پارس کے نام سے معرض وجود میں آئی،  نوے برس سے آزادانہ صحافت کے اصولوں پر گامزن ہے اور اس کے پاس، تصاویر، خبروں، فلموں، اور مائیکرو فلموں کا خزانہ موجود ہے۔ ارنا اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی حیثیت سے ایک عظیم ترین میڈیا ہاؤس ہے جس کے مختلف شعبے ہيں اور اس کے اخبارات و جرائد کے شعبے میں، روزنامہ ایران، ایران اسپورٹس، ایران ڈیلی، اور الوفاق کے علاوہ، غیر فارسی زبانوں کی 11 سائٹیں، 34 صوبائی سائٹیں اور پورے ملک نیز دنیا میں اس کے دسیوں دفاتر فعال ہیں۔

 

ٹیگس