وزیراعظم پاکستان نے اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے عوام سے پُرامن رہنے کی اپیل کی ہے
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیا ہے - شہباز شریف نے حالیہ واقعات کے بارے میں تحقیقات کا حکم جاری کرتے ہوئے شہریوں سے پُر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر پاکستانی شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم مظاہرین امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں -

پاکستانی وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی شفاف تحقیقات کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کردی ہے -
شہباز شریف نے حکومتی سطح پر مسئلے کے پرامن حل کے لیے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کردی ہے -
کمیٹی میں میں سینیٹر رانا ثنااللہ، وفاقی وزرا سردار یوسف، احسن اقبال، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق صدر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے مذاکراتی کمیٹی کو فوراً مظفرآباد جاکر مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیر کے روز مخالف گروہوں کے مظاہروں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے -