Oct ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • سکیورٹی خدشات کے باعث اورنج لائن اور لاہور میٹرو سروس کے روٹس میں تبدیلی

لاہور: شہر میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتظامیہ نے اورنج لائن ٹرین اور لاہور میٹرو بس سروس کے مخصوص روٹس کو عارضی طور پر محدود کر دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے مطابق لاہور میٹرو بس سروس ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بند کر دی گئی ہے اور سروس اب صرف گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔ 

ترجمان کے مطابق اورنج لائن ٹرین کے  بند روڈ اسٹیشن اور ملتان روڈ اسٹیشن کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام حساس علاقوں میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جہاں ممکنہ خطرات کے پیش نظر ٹرانسپورٹ سروسز کو جزوی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سکیورٹی اداروں کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ عوامی مقامات پر ہجوم کو کم کیا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ متاثرہ روٹس پر مسافروں کو متبادل ذرائع اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سروس کی مکمل بحالی کا فیصلہ حالات کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ حکام سے معلومات حاصل کریں اور سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔ مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

ٹیگس