پاکستان: بنوں میں 2 دھماکے، 7 افراد جاں بحق
پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 2 دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق بنوں کے ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا ہے کہ دھماکوں کی زد میں ایک وین اور ایک گاڑی آئی ہے، مسافر وین گاؤں ہاتھی خیل سے بنوں آ رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دھماکے میں مسافر وین پر سوار 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
یاسر آفریدی نے بتایا کہ کچھ دیر بعد دوسرا دھماکہ ہوا، جس میں 2 امدادی کارکن جاں بحق ہوئے۔ بنوں کے ڈی پی او نے مزید بتایا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاسر آفریدی نے یہ بھی بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے بنوں میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو دہشت گرد متاثر کرنا چاہتے ہیں، پاکستان علاقائی و عالمی امن کی حمایت جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔
ادھر وزیرِاعظم شہبازشریف نے بنوں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے زیاں پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کرسکتیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel