پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ چاہتے ہیں، خیرات نہیں: حافظ نعیم الرحمان
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کا حاتمہ چاہتے ہیں، خیرات نہیں، حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم کرے۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قوم عذاب میں مبتلا ہے اور معیشت تباہ ہو رہی ہے، جماعت اسلامی کا حکومت سے واحد مطالبہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سوال کرتی ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم کرنے کے لیے رقم کہاں سے آئے گی، ہم حکومت کو بار بار بتا چکے ہیں کہ رقم کہاں سے پوری کی جاسکتی ہے لیکن حکومت کے پاس ہمارے مؤقف کے جواب میں کوئی دلیل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 1567 ارب روپے لیوی جمع کرکے صرف 25 ارب روپے کا ریلیف دے رہی ہے، حکومت خیرات بانٹنے کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کے بعد حکومت کو ہماری جدوجہد کا اندازہ ہوگیا ہے۔ حکومت نے عوام کو لائنوں میں لگانے کا نظام بنا دیا ہے، حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، لاک ڈاؤن کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم کرکے مسئلہ حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور تاجروں کو دباؤ میں لانے کا نظام قابل قبول نہیں، پولیس کو دکانیں بند کرانے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel