پاکستان: اسلام آباد مارچ نومبر کے وسط میں ہوگا، حافظ نعیم الرحمان
میڈیا رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت سے مارچ سے قبل لیوی ختم کرنے کے لیے شفاف اور واضح نظام وضع کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
سحرنیوز/پاکستان: رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم لیوی کی شدید مذمت کی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارچ سے قبل لیوی ختم کرنے کے لیے شفاف اور واضح نظام وضع کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد مارچ کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، پیٹرولیم لیوی کا 70 فیصد سے زائد بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے، جو اس مد میں حکومت کو 100 ارب روپے سے زائد ادا کررہا ہے۔
انہوں نے حکومت کی ریلیف پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ماہ عوام سے ڈیڑھ سو ارب روپے لیوی وصول کرتی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں صرف 32 ارب روپے کا ریلیف دیا جاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس نامکمل ریلیف کو قبول نہیں کرے گی اور عوام کو ان کا مکمل حق ملنا چاہیے، بصورت دیگر حتمی فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جاری احتجاجی تحریک کے باعث حکومت کا ہاتھ کسی حد تک رکا ہے اور عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف مل سکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں، وہ عوامی حقوق کی خاطر میدان میں موجود ہے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel