پاکستان: جمعیت علمائے اسلام کا مختلف شہروں میں احتجاج، شاہراہیں اور موٹرویز بند
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i459356-پاکستان_جمعیت_علمائے_اسلام_کا_مختلف_شہروں_میں_احتجاج_شاہراہیں_اور_موٹرویز_بند
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک متاثر ہے۔ چاروں صوبوں میں مختلف مقامات پر قومی شاہراہیں اور موٹرویز بند ہیں۔
(last modified 2026-11-26T14:29:16+00:00 )
Nov ۲۶, ۲۰۲۶ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: جمعیت علمائے اسلام کا مختلف شہروں میں احتجاج، شاہراہیں اور موٹرویز بند

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک متاثر ہے۔ چاروں صوبوں میں مختلف مقامات پر قومی شاہراہیں اور موٹرویز بند ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق احتجاج کے سبب مختلف مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی میں سہراب گوٹھ آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔  

رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے آنے والا ٹریفک پنجاب اڈا سے فاریہ چوک بھیجا جارہا ہے جبکہ سہراب گوٹھ سے حیدرآباد جانے والا ٹریفک گلشن اقبال کی طرف بھیج رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق کراچی میں حب ریور روڈ پر احتجاج کے باعث آنے جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔

کراچی میں بلوچ کالونی کے مقام پر شارع فیصل بند ہوگئی۔ ٹھٹہ کراچی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ این 25 قومی شاہراہ کئی مقامات پر بند کردی گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ 

ہالہ کے قریب کھنڈو کے مقام پر کراچی اور پنجاب آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ یہاں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

بیلہ اوتھل میں قومی شاہراہ بند کردی گئی، قلات میں بھی کوئٹہ کراچی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ 

شکارپور میں انڈس ہائی وے کے قریب جیل چورنگی بند کردی گئی جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا۔ 

جیکب آباد میں قومی شاہراہ بند کردی گئی نوابشاہ میں بھی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے جانے والا ٹریفک معطل ہو گیا۔ 

مالاکنڈ ڈویژن میں سوات ایکسپریس وے آلہ ڈھنڈ ڈھیری انٹرچینج ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔ خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بند کردی گئی۔

لاڑکانہ میں رتوڈیرو بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کردی گئی جس کے باعث کراچی، پنجاب اور بلوچستان جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا۔ 

چارسدہ میں پشاور اسلام آباد موٹر وے اور بنوں میں لنک روڈ بند کردیا گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ 

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel