Oct ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۹ Asia/Tehran
  • تہران میں پینتیسویں عالمی اسلامی وحدت کانفرنس کا آغاز

تہران میں پینتیسویں بین الاقوامی اسلامی وحدت کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے جس کا نعرہ ”اسلامی اتحاد، صلح اور تفرقہ سے پرہیز“ ہے۔ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے منگل کے روز پینتسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ، مسلم امہ کے درمیان اتحاد کے لیے، اس کانفرنس کے بانی آیت اللہ تسخیری اور شہید قاسم سلیمانی کی عملی کوششوں کی قدردانی کی۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ کوئی اختلاف کی بات اپنی زبان سے نہ کہی جائے اور قلم کی حرمت کا خیال رکھا جائے۔

صدر ایران نے کہا کہ اتحاد امت مسلمہ کا مشترکہ ہدف ہے اور یہ آج کا دور ہم سے اس کا تقاضہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب داعش کا فتنہ سامنے آیا تو بہت سے لوگ اس کو سمجھ ہی نہیں سکے، لیکن رہبر انقلاب اسلامی نے اسی وقت اعلان کر دیا تھا کہ داعش کے اقدامات کے پیچھے صیہونی سوچ کار فرما ہے، کوئی مسلمان اس طرح سے خون خرابہ اور قتل عام نہیں کرسکتا اور آج سب کو پتہ چل گیا ہے کہ داعش کی ڈوریاں امریکہ اور صیہونیوں کے ہاتھ میں ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ وحدت کے آغاز کے ساتھ تہران میں، پینتسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس منگل سے شروع ہوگئی ہے۔ دنیا کے ترپن اسلامی ملکوں کے مسلم علما اور دانشور حضرات اس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ کانفرنس، کورونا پروٹوکول کے پابندی کے ساتھ پانچ روز تک جاری رہے گی، اس کانفرنس میں دنیا کے انتالیس ملکوں کے مندوبین آن لائن طریقے سے حصہ رہے ہیں۔

ٹیگس