کورونا نے چین سے زیادہ اٹلی میں شکار کیا
اٹلی میں کورونا وائرس ایک ہی روز میں 427 زندگیاں لے گیا، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3405 ہوگئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی میں اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوچکی ہیں، چین میں وائرس سے 3245 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جبکہ اٹلی میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3405 ہوگئی۔
چین میں پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا وائرس (کووڈ- 19) سے تین لوگوں کی موت ہوئی ہے اور انفیکشن کے 39 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسپین میں مزید 192 افراد ہلاک ہونے کے بعد مجموعی تعداد 830 ہو گئی۔
یورپ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام نہ کی گئی تو یورپ میں لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے 194 ممالک میں سے 178 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، دنیا میں 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثرہو چکے ہیں جس کے بعد دنیا بھر میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں۔