ایران عراق کے درمیان زائرین کے لیے ویزے کی شرط ختم
ایران اور عراق نے چہلم امام حسین شرکت کے لیے جانے والے ایرانی زائرین کے لیے ویزہ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔
ایرانی زائرین کے لیے چہلم کا ویزہ ختم کرنے کے معاہدے پر دونوں ملکوں کے نائب وزرائے داخلہ نے تہران میں ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت ایرانی شہریوں کو چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کی غرض سے عراق جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ایرانی زائرین ضروری ہم آہنگی کے بعد صرف پاسپورٹ اور بیمہ کارڈ دکھا کر زیارت کے لیے عراق میں داخل ہو سکیں گے۔
قبل ازیں ایران اور عراق کے نائب وزرائے داخلہ نے چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کرنے والے زائرین کی دیگر مشکلات کے حل کے بارے میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ زائرین کے لیے خسروی بارڈر کھولنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ رواں سال اپریل سے ایران اور عراق ایک دوسرے کے زائرین کو زیارتی ویزہ بھی مفت فراہم کر رہے ہیں۔