اب بیٹری کو کھینچا، موڑا اور دھویا جا سکتا ہے!!!
یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے سائنسدانوں نے ایسی بیٹری بنائی ہے جو کھیچنے، مروڑنے اور غلطی سے واشنگ مشین میں دھل جانے کے بعد بھی کام کرتی رہتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے بطورِ خاص پہنے جانے والے برقی آلات یا کپڑوں میں پروئے گئے سرکٹ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ مشترکہ کاوش ایک پروفیسر، ایک پی ایچ ڈی طالبعلم اور پوسٹ ڈاکٹریٹ کرنے والے اسکالر کی ہے۔ ان تینوں نے ملکر بیٹری کے خواص اور بیرونی حالت کو ہی بدل ڈالا ہے۔
زنک اور مینگنیز ڈائی آکسائیڈ کو باریک ٹکڑوں میں پیسا گیا ہے اور انہیں ایک ربڑ نما پلاسٹک جیسے پالیمر میں سمویا گیا ہے۔ یہ بیٹری بہت باریک پالیمر سے بنی ہے۔ اسے مکمل طور پر ہوا بند اور واٹرپروف بنایا گیا ہے۔ ابتدائی آزمائش میں موڑنے کے باوجود اور دھونے کے بعد بھی بیٹری چلتی رہتی ہے۔
ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر نوک تان گوین کہتے ہیں کہ لچکدار اور مضبوط بیٹریوں کی بڑی مارکیٹ موجود ہے۔ اگرچہ ایسی بیٹریاں بنائی گئی ہیں لیکن اب تک دھونے کے قابل بیٹری ایجاد نہیں کی گئی تھی جو اب پہلی مرتبہ بنائی گئی ہے۔
ٹیم میں شامل خاتون سائنسداں، بہار ایران پور نے نئی بیٹری کو 39 مرتبہ دھویا اور اس کی افادیت برقرار رہی۔ لیکن اب اسے مزید سخت جان بنانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ یہاں تک کہ اسے گھریلو اور بڑی بڑی کمرشل واشنگ مشینوں میں بھی دھویا گیا ہے لیکن اس کا بیٹری پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
بشکریہ
ایکسپریس نیوز