کیا سورج نے خانہ کعبہ کا طواف کیا ہے؟
آج بروز پیر 27 مئی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سعودی فلکیاتی سوسائٹی کے نگران انجینئر ماجد آل زاہرہ کا کہنا ہے کہ آج سورج خانہ کعبہ کے بالکل اوپر آیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ سال رواں کا پہلا واقعہ تھا، سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کاسعودی وقت دوپہر 12 بج کر 18منٹ تھا۔
ابو زاہرہ کے مطابق سورج 90 ڈگری پر تھا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ اور کسی بھی مجسم عمارت یا دیگر اشیاء کا سایہ نہیں تھا۔
سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر آنے سے مختلف ممالک میں شہریوں کی کثیر تعداد قبلہ رخ کا تعین کرنے لگی ۔
سورج کے عین خانہ کعبہ کے اوپر آنے پرعہد رفتہ میں قبلہ کے رخ کا تعین کیا جاتا تھا جس کے لیے ایک لکڑی کو زمین میں گاڑا جاتا تھا اور جب اس کا سایہ ظاہر ہوتا تو اس کی مخالف سمت کو کعبہ کی سمت کے طورپر تعین کیا جاتا ہے۔
اس درمیان سوشل میڈیا یوزرس سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر آنے پر ایسی پوسٹ اپلوڈ کر رہے ہیں کہ جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ دعوا کیا جا رہا ہے کہ سورج نے خانہ کعبہ کا طواف کیا ہے۔