Jun ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • عید کیا ہے؟

عید الفطر اللہ کی جانب سے دعوت کا دن ہے جو اپنے بندوں کو ایک مہینے کی عبادت اور وفاداری کے بعد اپنی جانب بلاتا ہے تاکہ انہیں اپنی پیروی کی جزا دے سکے ۔

فطر کا معنی ہے بھوکے رہنے کے بعد کچھ کھانا، شوال مہینے کے پہلے دن کو اس لئے عیدالفطر کہا جاتا ہے کہ اس دن ایک مہینے کی بعد دن میں کھانے پینے سے پابندی ختم ہو جاتی ہے۔

مومنین سے کہا  گیا ہے کہ وہ اس دن روزہ نہ رکھیں اور کھائیں پیئیں، یہ عید مسلمانوں کی سب سے بڑی عیدوں میں ایک ہے اور اس کے کچھ آداب ہیں جیسے نماز عید ادا کرنا اور غریبوں کی زکات دینا۔ دنیا کے مسلمان، چاہے وہ جہاں بھی رہیں، ان آداب کو انجام دیتے ہیں ۔

عید فطر ایسے افراد کا جشن ہے جنہوں نے بندگی کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ  پورا کر لیا اور انہیں امید ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں انہوں نے جو معنوی سرمایہ جمع کیا ہے وہ بندگی کے راستے پر آگے بڑھتے ہوئے اللہ سے نزدیکی حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔

عید الفطر ان بندگان خدا کی عید ہے جنہوں نے رمضان المبارک کے مہینے میں اپنی استقاقت اور صبر و تحمل سے اپنی روح کو ظاہری اور باطنی آلودگیوں سے پاک کیا اور پھر سچ کی روشنی کی جانب گامزن ہوگئے ۔ عید فطر کے دن جیسے ان کی دوبارہ پیدائش ہوئی ہے ۔

ایک مہینے کی مشق کے بعد روزے دار کی آنکھیں اب بے ہدف ہوکر ادھر ادھر بھٹک نہیں رہی ہے بلکہ اس کی آنکھوں میں روشنی حقیقت کے دیدار اور اس کی شناخت کا ذریعہ بن گئی ہے۔ ان کے کان اب ہر آواز پر متوجہ ہونے کے بجائے صرف حقیقت سننے کے لئے تیار ہیں ۔ اس کی زبان نے فضول باتیں بالکل بند کر دی ہیں اور سچ کے علاوہ اس سے کچھ اور نہیں نکل رہا ہے۔  

در حقیقت انہوں نے ایک مہینہ عبادت میں گزارنے کے بعد اپنی توانائیوں کو درک کیا ہے اور عظیم اہداف کی جانب گامزن ہوگئے ہیں ۔

معنوی اور روحانی زندگی کا دوبارہ آغاز، پودوں اور درختوں کے لیے بہار کی مانند۔ایک انسان کو، جو ممکنہ طور پر پورے سال مختلف قسم کے گناہوں اور برائیوں میں مبتلا رہا ہو اور جس نے نفسانی خواہشات نیز بری خصلتوں کے سبب اپنے آپ کو رحمت الہی سے دور کرلیا ہو، پروردگار عالم کی جانب سے ہر سال ایک سنہری موقع عطا کیا جاتا ہے، اور وہ موقع ماہ مبارک رمضان ہے۔ ماہ رمضان میں دل نرم ہو جاتے ہیں، روحوں میں بالیدگی اور درخشندگی آتی ہے، انسان، خدا کی خصوصی رحمت کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہوتے ہیں اور ہر کوئي اپنی استعداد، کوشش اور جدوجہد کے مطابق ‌ضیافت الہی سے بہرہ مند ہوتا ہے۔ ماہ مبارک رمضان کے ختم ہوتے ہی، نئے دن کا آغاز، عید فطر کا ہے یعنی وہ دن کہ جب انسان ماہ رمضان میں حاصل کیے گئے نتیجوں سے استفادہ کرکے خدا کے سیدھے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے اور غلط راستوں سے بچ سکتا ہے۔

*سحر عالمی نیٹ ورک تمام مومنین کی خدمت کی عید سعید فطر کی مبارکباد پیش کرتا ہے*

ٹیگس