Jan ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • اِقرا قرآنی مقابلے (2025) میں شرکت کا طریقۂ کار اور اس کی تفصیلات

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی بہار قرآن ماہ رمضان کے مبارک اور پر مسرت موقع پر سحر اردو ٹی وی کی جانب سے برادران سے مخصوص حُسن قرائت کے بین الاقوامی مقابلے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مقابلے کا طریقۂ کار

مقابلے میں شرکت کرنے کے لئے آپ برادران کو ہماری منتخب کردہ آیات کی تلاوت کی آڈیو فائل واٹس ایپ کے ذریعے ہمیں ارسال کرنا ہوگی۔ یہ مرحلہ در حقیقت لائیو قرآنی مقابلے کا اینٹرینس ہوگا۔

اگر آپ اس مقابلے میں شرکت کے متمنی ہیں تو اپنی ’’خداداد‘‘ آواز کو تحقیقی (مجلسی) تلاوت قرآن سے مزین کر کے اُسے 9108994335+98 کے ذریعے واٹس ایپ یا ٹیلی گرام پر ہم کو ارسال کیجئے۔ تحقیقی یا مجلسی تلاوت سے ہماری مراد وہی تلاوت ہے جو حُسن قرائت کے مقابلوں یا کسی قرآنی محفل میں اسٹیج پر کی جاتی ہے۔

  • سورۂ مبارکۂ قدر کی تلاوت ریکارڈ کیجئے۔ 
  • تلاوت کا وقت مجموعی طور پر ۵  منٹ سے زیادہ نہ ہو۔
  • آواز میں کسی قسم کا افیکٹ استعمال نہ کیا جائے۔
  • تلاوت شروع کرنے سے پہلے اپنا تعارف ضرور کرائیے (پورا نام، ملک، شہر، عمر، پیشہ وغیرہ)۔
  • رابطے کے لئے اپنے موبائل اور گھر کا نمبر کوڈ کے ہمراہ ارسال کیجئے۔
  • قرائت کی فائل کے ساتھ اپنی تصویر بھی ضرور بھیجئے۔
  • ارسال شدہ تلاوتوں کا جائزہ لینے کے بعد معیاری تلاوت کرنے والے قاریان کرام کو ماہ مبارک رمضان کے دوران لائیو منعقد ہونے والے انعامی مقابلے میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

مقابلے کے لئے منتخب ہونے والے قاریان کرام کو ’اقرا قرآنی مقابلہ‘ کے اساتذہ اور ماہرین، قرعہ اندازی کے ذریعے نکالی گئیں آیات کی پرچیوں کی اطلاع دی جائے گی۔ یہ مقابلے کا پہلا مرحلہ ہوگا جو ماہ رمضان کی چوبیسویں شب تک جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں روزانہ ۳  قاریان کرام ماہرین کی منتخب کردہ آیات کی تلاوت پیش کریں گے، اس کے  لئے انہیں اپنی تلاوت کی ویڈیو ہمارے نمبر پر ارسال کرنا ہوگی۔

۲۴  دن کے دوران تلاوت کرنے والے قاریان کرام میں سے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے ۱۵ افراد کو دوسرے مرحلے یعنی سیمی فائنل کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ یہ مرحلہ ۵ دن تک جاری رہے گا جس میں منتخب قاریان کرام ایک بار پھر اساتذہ کی منتخب کردہ آیات کی ’’لائیو‘‘ پروگرام کے دوران تلاوت فرمائیں گے۔

پھر ماہ مبارک رمضان کے اختتام پر عید الفطر کے مبارک موقع پر اقرا قرآنی مقابلے کا آخری مرحلہ یعنی فائنل منعقد ہوگا جس میں زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر منتخب شدہ پانچ قاریان کرام، کلام اللہ مجید کی تلاوت پیش کریں گے اور اس کے بعد اساتذہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا تعین کریں گے۔

حسب معمول پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لانے والے قاریان کرام کو بالترتیب 3 ہزار، 2 ہزار اور 1 ہزار یورو کا نقد انعام دیا جائے گا۔

***

بس اہم نکتہ یہ کہ مقابلے کے ونر حضرات اپنے انعامات کو اپنے ملک میں (یعنی جس ملک کے وہ شہری ہیں)، ہمارے نمائندوں کے ذریعے دریافت کر سکیں گے۔

***

(اقرا قرآنی مقابلہ)

 

ٹیگس