Oct ۲۱, ۲۰۲۵ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
  • شریک حیات سے زندگی پر مرتب ہونے والے اہم اثر کا انکشاف

اگر زندگی میں خوشی کا حصول چاہتے ہیں تو اپنے شریک حیات کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔

سحر نیوز/صحت: جرنل سوشل انڈیکیٹرز ریسرچ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ شوہر یا بیوی کا زندگی پر اطمینان شریک حیات کی خوشی سے جڑا ہوتا ہے۔

یہ جذباتی تعلق مختلف عناصر جیسے خیال رکھنے، صحت اور سماجی تعلقات پر اثر انداز ہوتا ہے۔

سائنسدان طویل عرصے سے لوگوں کی خوش باش زندگی کے عناصر کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، خاص طو پر عمر میں اضافے کے ساتھ۔

مختلف عناصر جیسے ذاتی صحت اور مالی مضبوطی بھی اہم ہوتے ہیں، مگر ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں جوڑوں میں زندگی کے اطمیان سے جڑے تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

اس تحقیق کے لیے 28 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایسے ہزاروں افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن کی عمریں 50 سال یا اس سے زائد تھی۔

مجموعی طور پر لگ بھگ 25 ہزار جوڑوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی اور ان سے مختلف سوالنامے بھروا کر زندگی میں خوشی اور اطمینان کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ زندگی کے اطمینان کے حوالے سے جوڑوں کا باہمی تعلق بہت اہمیت رکھتا ہے۔

مثال کے طور پر اگر شوہر نے زندگی میں اطمینان کو رپورٹ کیا تو بیوی میں بھی یہ احساس بڑھ گیا۔

محققین نے بتایا کہ یہ پہلے سے معلوم ہے کہ ایک رشتہ زندگی پر اطمینان اور شخصی خوشی کو بڑھاتا ہے، کیونکہ ہم اپنے اردگرد موجود افراد پر انحصار کرتے ہیں جبکہ ان کے تجربات اور مشکلات ہم پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ زندگی پر اطمینان صرف انفرادی تجربہ نہیں بلکہ جوڑوں میں مشترکہ احساس ہوتا ہے۔

یعنی اگر کسی فرد کی زندگی کا معیار بہتر بنایا جائے تو اس کا مثبت اثر اس کے شریک حیات پر بھی ہوتا ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ اس میں وجہ کو ثابت نہیں کیا جاسکا جبکہ جوان جوڑوں کو شامل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ٹیگس