Oct ۳۰, ۲۰۲۵ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • کیا اومیگا 3 سپلیمنٹس لینا فائدہ مند ہے؟

مچھلی کا تیل سب سے زیادہ استعمال ہونے والا غذائی سپلیمنٹ ہے۔

سحر نیوز/صحت:  مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ فیٹی ایسڈز صحت کے لیے بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔

مگر کیا ان کیپسولز پر پیسے خرچ کرنے سے صحت کو واقعی فائدہ ہوتا ہے یا نہیں؟

اس کا جواب سادہ نہیں کیونکہ مچھلی کے تیل کے کیپسول صحت کے لیے مفید ہو بھی سکتے ہیں اور نہیں بھی، کیونکہ اس کا انحصار آپ کے استعمال کے طریقہ کار بلکہ ان کا استعمال جاری رکھنے پر ہوتا ہے۔

یہ بات فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہیلنسکی یونیورسٹی کی اس تحقیق میں مچھلی کے تیل کے کیپسولز میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے صحت مند افراد پر مرتب ہونے والے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

 

تحقیق میں 38 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا اور انہیں مچھلی کے تیل میں پائے جانے والے اومیگا 3 فیٹی ایسڈ کی قسم eicosapentaenoic acid (ای پی اے) کی زیادہ خوراک کا استعمال کرایا گیا۔

ای پی اے کے استعمال سے قبل، اس کے دوران اور بعد میں خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے تاکہ مشاہدہ کیا جاسکے کہ جسم کس طرح فیٹی ایسڈ پر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر فرد میں اس حوالے سے واضح فرق موجود تھا۔

محققین نے بتایا کہ نمونوں سے یہ تو واضح ہوا ہے کہ ہر فرد پر ای پی اے سے اثرات مرتب ہوتے ہیں، مگر ہر فرد کا جسم مختلف انداز سے کام کرتا ہے ۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جسم میں ای پی اے مؤثر انداز سے جذب ہوتا ہے اور خون میں اس کی مقدار میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔

مگر جیسے ہی سپلیمنٹ کا استعمال روک دیا جاتا ہے، تو اس کی سطح میں ڈرامائی کمی آتی ہے۔

درحقیقت کم مقدار میں ای پی اے کے ستعمال کرنے والے افراد میں تو یہ سطح نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے۔

 

آسان الفاظ میں مچھلی کے تیل کے کیپسول سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے مگر یہ اسی وقت تک برقرار رہتا ہے جب تک آپ اس کا استعمال جاری رکھتے ہیں، جیسے ہی آپ اسے چھوڑتے ہیں، تمام فوائد ختم ہو جاتے ہیں۔

محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس کا دورانیہ طویل نہیں تھا اور طویل العمیاد اثرات کا جائزہ نہیں لیا گیا۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے یہ ضرور انکشاف ہوتا ہے کہ ای پی اے سے امراض قلب سے تحفظ مل سکتا ہے۔

اب محققین کی جانب سے مچھلی کے تیل کے کیپسولز سے خلیات پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JCI Insight میں شائع ہوئے۔

ٹیگس