ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچاؤ کا لذیذ نسخہ
امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ کم کرنا چاہتے ہیں تو یہ مزیدار طریقہ آپ کو ضرور پسند آئے گا۔
سحر نیوز/صحت: جو افراد گریاں خاص طور پر بادام، اخروٹ اور کاجو کھانا پسند کرتے ہیں، ان میں امراض قلب سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
لوما لِنڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں 80 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
یہ افراد 2002 سے 2007 کے درمیان امریکا اور کینیڈا میں ہونے والے غذائی سرویز کا حصہ بنے تھے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بادام، اخروٹ یا کاجو جیسی گریوں کے زیادہ استعمال سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ 17 سے 27 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ امراض قلب سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور ان کے لیے متعدد ادویات بھی موجود ہیں، مگر بیشتر طبی مسائل کی روک تھام ممکن ہے اور غذا اس حوالے سے ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ تحقیق کے نتائج مشاہدے پر مبنی ہیں اور وجہ یا اثر کو ثابت نہیں کیا گیا، مگر ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ گریوں کا استعمال امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گریوں میں میگنیشم، فائبر اور وٹامنز سمیت متعدد مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ورم اور بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔
محققین کے مطابق مجموعی طور پر گریوں میں موجود اجزا دل کی شریانوں کو صحت مند بناتے ہیں اور امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
درحقیقت انہوں نے بتایا کہ ہر ہفتے کچھ مقدار میں ان گریوں کا استعمال بھی بہترین ہوتا ہے۔
تحقیق میں بھی بتایا گیا کہ گریوں کے استعمال کے ساتھ اگر سرخ گوشت کا استعمال کم کیا جائے تو امراض قلب سے موت کا خطرہ 35 سے 44 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔