Nov ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • موسم کی سوغات: یہ پھل آپ کی صحت کو کیسے فائدہ پہنچاتا ہے؟

اس موسم میں ہر جگہ ایک پھل کافی زیادہ نظر آتا ہے اور وہ ہے املوک المعروف جاپانی پھل۔

سحر نیوز/صحت: اس کا انگلش نام persimmons ہے جو کہ دیکھنے میں ٹماٹر جیسا نظر آتا ہے۔

یہ اس موسم میں کچھ عرصے کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔

اگر آپ کو یہ پسند نہیں تو اسے کھانا عادت بنائیں کیونکہ یہ صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔

اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

 

غذائی اجزا کا حصول

ایک جاپانی پھل سے جسم کو 120 کیلوریز، 32 گرام کاربوہائیڈریٹ، ایک گرام پروٹین، 0.3 گرام چکنائی اور 6 گرام فائبر جیسے اجزا ملتے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس کا حصول بھی ممکن ہوتا ہے۔

اینٹی آکسائیڈنٹس سے ورم سے لڑنے میں مدد ملتی ہے

اس پھل میں بیٹا کیروٹین، وٹامن اے، سی اور ای، وٹامن بی 2 اور Quercetin جیسے اینٹی آکسائیڈنٹس اجزا موجود ہوتے ہیں۔

بیٹا کیروٹین جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہوتا ہے اور بینائی کی صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے۔

وٹامن اے، سی اور ای سے آنکھوں، مدافعتی نظام اور جِلد کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

Quercetin ایسا فلیونوئڈ ہے جو بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاکر دل کی صحت کو فائدہ پہنچاتا ہے جبکہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔

وٹامن بی 2 سے جسم میں گردش کرنے والے مضر مواد سے لڑنے میں مدد ملتی ہے جبکہ بالوں، جِلد اور آنکھوں کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

 

دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے

فلیونوئڈز کے ساتھ ساتھ اس پھل میں فولیٹ بھی موجود ہوتا ہے جو امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پھل بلڈ پریشر کو مستحکم رکھتا ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے جس سے دل کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس سے ہٹ کر جاپانی پھل میں موجود فائبر بھی دل کی صحت کو فائدہ پہنچانے والا جز ہے جو بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔

نظام ہاضمہ کے لیے مفید

فائبر ایسا غذائی جز ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے بھی مفید ہوتا ہے۔

فائبر سے نظام ہاضمہ کے افعال درست طریقے سے کام کرتے ہیں جبکہ قبض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

فائبر سے پیٹ بھرنے کا احساس بڑھتا ہے اور جسم میں کاربوہائیڈریٹس تیزی سے جذب ہوتے ہیں جس سے بلڈ شوگر کی سطح تیزی سے نہیں بڑھتی۔

 

جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے

تربوز کی طرح جاپانی پھل میں بھی پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

اس کا 80 فیصد سے زائد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور اس میں موجود دیگر منرلز اور فائبر وغیرہ سے ڈی ہائیڈریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

دماغی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے

اس پھل میں موجود متعدد اجزا دماغٰ صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔

فولیٹ اور میگنیشم سمیت وٹامن بی 1 سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

اس طرح پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے دماغی افعال کو تحفظ ملتا ہے۔

دیگر فوائد

فولیٹ سے خون کے سرخ خلیات کا بننے کا عمل بھی تیز ہوتا ہے جبکہ میگنیشم ہڈیوں کی صحت کے لیے مفید غذائی جز ہے۔

جاپانی پھل میں فاسفورس بھی موجود ہوتا ہے جو اعصاب اور خلیاتی افعال سمیت ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

ٹیگس