Nov ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • روزانہ 1–2 سگریٹ: صحت پر خاموش حملہ

روزانہ محض ایک یا 2 سگریٹ پینے کی عادت بھی امراض قلب اور موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتی ہے۔

سحر نیوز/صحت: یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

مگر اس حوالے سے زیادہ تحقیقی کام نہیں ہوا کہ روزانہ ایک یا 2 سگریٹ پینے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جرنل PLOS Medicine میں شائع تحقیق میں اس حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

اس تحقیق میں 3 لاکھ سے زائد بالغ افراد پر ہونے والی 22 طویل المعیاد تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 20 سال تک لیا گیا تھا جس دوران ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد اموات ہوئیں جبکہ 54 ہزار میں امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیلیئر کی تشخیص ہوئی۔

 

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اس لت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں کم سگریٹ پینے (تحقیق میں 2 سے 5 سگریٹس کا استعمال کم قرار دیا گیا تھا) کے عادی افراد میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 50 فیصد اور کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 60 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

یہاں تک کہ سگریٹ کی عادت سے جان چھڑانے کے بعد بھی یہ خطرہ برقرار رہتا ہے، البتہ اس لت کو چھوڑنے کے 10 سال بعد اس میں نمایاں کمی آتی ہے۔

مگر 3 دہائیوں بعد بھی ماضی میں تمباکو نوشی کرنے والوں میں امراض قلب کا خطرہ اس لت سے ہمیشہ رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

 

محققین کے مطابق جوانی میں ہی تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کرنا اس خطرے سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر بڑھنے کے بعد بتدریج سگریٹس کی تعداد میں کمی لانے سے امراض قلب سے متاثر ہونے کے خطرے میں کوئی خاص کمی نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمباکو نوشی کے اثرات کے حوالے سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی تحقیق تھی جس میں معیاری ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔

محققین کے مطابق روزانہ ایک یا 2 سگریٹس کا استعمال بھی امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتا ہے جو کافی حیران کن دریافت ہے۔

ٹیگس