Dec ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • ورزش یا نیند؟ صحت کیلئے اصل ترجیح کیا ہے

اچھی صحت کے لیے نیند اور ورزش دونوں کو اہم قرار دیا جاتا ہے۔

سحر نیوز/صحت: نیند زیادہ اہم ہوتی ہے یا ورزش؟

اس سوال کا جواب ایک نئی طبی تحقیق میں دیا گیا۔

جرنل کمیونیکیشن میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ مجموعی صحت کے لیے نیند ورزش سے زیادہ بہتر ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں بیشتر افراد نیند اور ورزش دونوں کے لیے تجویز کردہ سفارشات کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، تو اگر نیند پر توجہ مرکوز کی جائے تو یہ صحت کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بیشتر افراد 7 گھنٹے سے کم سوتے ہیں جبکہ 8 ہزار سے کم قدم روزانہ چلتے ہیں۔

محض 8 میں سے ایک فرد دونوں اہداف کو پورا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

 

اس تحقیق میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 70 پزار سے زائد افراد کے نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

یہ ڈیٹا ساڑھے 3 سال میں اکٹھا کیا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 17 فیصد افراد کی نیند کا دورانیہ 7 گھنٹے سے کم ہوتا ہے جبکہ وہ روزانہ 5 ہزار سے کم قدم چلتے ہیں۔

ایسے افراد میں دائمی امراض، موٹاپے اور دماغی امراض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

 

محققین نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں ذاتی ٹریکنگ ڈیوائسز کے ڈیٹا پر انحصار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ نیند پر پوری توجہ مرکوز کی جائے اور کم از کم 7 گھنٹے تک سونے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر نیند کا دورانیہ 7 گھنٹے ہو تو لوگ جسمانی طور پر بھی زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ورزش سے قبل نیند پر توجہ مرکوز کرنے پر غور کرنا چاہیے۔

محققین کے مطابق نیند کو ترجیح دینا جسمانی توانائی، عزم اور جسمانی سرگرمیوں کی گنجائش بڑھانے کا مؤثر ترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سونے سے قبل اسکرینوں کے استعمال سے گریز، نیند کے وقت کا تسلسل برقرار رکھنے اور سونے کا پرسکون ماحول بنانے سے نیند کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

ٹیگس