Dec ۳۰, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • روزانہ مونگ پھلی کھانے کا بہترین فائدہ سامنے آگیا

اگر آپ روزانہ کچھ مقدار میں مونگ پھلی کھانا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت دماغی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

سحرنیوز/صحت: یہ بات نیدرلینڈز میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Maastricht یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا کہ درمیانی عمر میں روزانہ کچھ مقدار میں مونگ پھلی کھانے سے دماغی صحت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں مونگ پھلی کھانے سے دماغی صحت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

اس تحقیق میں 31 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا۔

ان سب کی صحت اچھی تھی اور جسمانی وزن مستحکم تھا۔

ہر فرد کو ایک کلینیکل ٹرائل کا حصہ بنایا گیا جو کنٹرول اور ٹیسٹ مراحل پر مشتمل تھا۔

پہلے مرحلے میں 8 ہفتوں تک ان افراد کو مونگ پھلی اور دیگر درختوں کی گریوں کو نہ کھانے کی ہدایت کی گئی اور پھر 8 ہفتوں تک معمول کے مطابق رہنے کا کہا گیا۔

اس کے بعد دوسرے مرحلے میں انہیں 8 ہفتوں تک روزانہ 60 گرام مونگ پھلیاں کھانے کی ہدایت کی گئی اور پھر 8 ہفتوں تک معمول کے مطابق رہنے کی ہدایت کی گئی۔

اس مرحلے میں بھی انہیں دیگر گریوں کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تحقیق کے آغاز، درمیان اور اختتام پر ان افراد کے طبی معائنے بشمول بلڈ پریشر، خون کے نمونے اور غذا وغیرہ کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ہر مرحلے کے اختتام پر ان کے ایم آر آئی اسکینز اور یادداشت کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مونگ پھلی کھانے کے مرحلے کے دوران ان افراد کے دماغ میں خون کا بہاؤ بڑھ گیا۔

دماغ کے یادداشت اور فیصلہ سازی سے جڑے کچھ حصوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور ان حصوں میں خون کا بہاؤ زیادہ بڑھا۔

ان افراد کی یادداشت میں بھی کچھ بہتری ریکارڈ ہوئی اور وہ زیادہ چیزوں کو یاد کرنے کے قابل ہوگئے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

محققین کے خیال میں دماغ میں خون کا بہاؤ بڑھنے سے دماغی صحت اور افعال میں بہتری آئی۔

اس سے ہٹ کر ان افراد کے بلڈ پریشر میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ گھٹ گیا۔

محققین کے مطابق نتائج حوصلہ افزا ہیں مگر ان کی مکمل تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ مونگ پھلی کے سپلیمنٹس سے بھی طویل المعیاد بنیادوں پر دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مونگ پھلی کو دماغی تنزلی کا علاج قرار دینا تو غلط ہوگا مگر یہ ضرور ثابت ہوتا ہے کہ اسے کھانے سے وقت گزرنے کے ساتھ دماغی افعال کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

ٹیگس